بالاچ قادر 
پاک وائسز، گوادر
آل پارٹیز گوادر کی کال پر آج گوادر شہر میں پانی کے بحران اور لوڈشیڈنگ کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ریکارڈ کی گئی ہے.
آل پارٹیز گوادر نے ہڑتال کی کال گزشتہ روز مشترکہ اجلاس کے بعد دی تھی.شہر بھر میں ہڑتال کے باعث کاروباری مراکزسمیت تمام سرکاری و نجی بینکس بھی بند رہے۔
آل پارٹیز کی جانب سے ایک موٹر سائیکل ریلی بھی نکالی گئی جو ملا فاضل چوک سے شروع ہوکر شہر کے شاہراؤں سے ہوتی ہوئی شہدائے جیوانی چوک پہنچی جہاں آل پارٹیز کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔
ریلی میں شریک ایک شہری عرفان بلوچ نے پاک وائسز کو بتایا کہ “شدید گرمیوں میں پانی نہ ہونے سے گوادرمیں انسانی زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے،پینے کے لیے صاف پانی نہ ہونے سے ہم سمندر کا کھارہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔”
آل پارٹیز رہنماؤں کا کہنا تھا کہ “ٹینکروں سے شہر کو پانی فراہم کرنا ہمیں منظور نہیں بلکہ حکومت پانی بحران کا مستقل حل نکالے اور گوادر میں موجود ڈیسالینیشن پلانٹس کو استعمال میں لاکر شہرکو پانی فراہم کیا جائے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “کل رات شبِ برات کے موقع پر گوادر کے مساجد میں وضو کیلئے بھی پانی میسر نہیں تھی۔”
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ “رمضان المبارک کے مہینے میں ہرسال پانی بحران اور لودشیڈنگ سے شہری عذاب سے دوچار ہیں، اگر حکومت سی پیک جیسے بڑے منصوبے کوپایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہے تو سب سے پہلے گوادر کے عوام کو زندگی کے بنیادی حقوق فراہم کرے۔”
گوادر کی وکلاء برادری نے بھی شہر میں پانی و بجلی بحران کے خلاف عدالتی کاروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
رائیٹر کے بارے میں: بالاچ قادر پاک وائسز کے ساتھ گوادر سے بطور سٹیزن جرنلسٹ کام کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY