ہانی رمضان

پاک وائسز، پسنی گوادر

عید قربان کے دوسرے اور تیسرے روز بلوچستان کے خوبصورت ساحلی شہر پسنی کے دلکش پکنک پوائنٹ جڈی کے ساحل پر سجا “جڈی عید میلا”۔یہ میلا پسنی کے مقامی نوجوانوں کی ادبی، فنی اور سماجی تنظیم ازم آزمان کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔
پسنی شہر اور گرد و نواح سے بچوں، بڑوں اور فیملیز کی بڑی تعداد نے عید میلے میں شرکت کی۔پسنی کے علاوہ گوادر، اورماڑہ، جیوانی اور ضلع کیچ سے بھی نوجوانوں نے عید میلے کا رخ کیا۔
میلا میں بلوچی زبان کے نامور گلوکار نصیراحمد، سلیم امین، شوکت سفر، کامران داد، راشد حیدر، مصدق اسلم اور مولابخش، نے اپنی مدھر آواز کا خوب جادو جگایا۔
دوسری طرف اسٹیج ڈراموں میں انور خان، سر فرازمحمد، امتیاز اسلم، وحید قاضی، وسیم انور اور دیگر اداکاروں نے میلے کو دو بالا کر دیا۔
میلے میں بریک ڈانس، اسٹیج ڈرامے بچوں کے مقابلے میوزک شو، کلچرل ڈانس، کویز مقابلے اور دیگر پروگراموں میں شرکا نے خاص دلچسپی لی۔
اس عید میلا نے پسنی کی عوام کی عید کی رونق کو چار چاند لگا دئیے۔ ایک منچلے نوجوان نے کہا کہ ” ازم آزمان کی طرف سے یہ عید میلا پسنی کی عوام کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ روایت اسی طرح برقرار رہے گی۔”
رائیٹر کے بارے میں: ہانی رمضان پاک وائسز کے لیے پسنی سے بطور سٹیزن جرنلسٹ کام کر رہی ہیں۔ 

LEAVE A REPLY