وسیم حسین

پاک وائسز، اورماڑہ

اورماڑہ شہر میں نوجوان کی داڑھی کا خط بناتے ہوئے حجام کی شاپ کا ایک منظر۔فوٹو کریڈیٹ ،وسیم حسین

بلوچستان کے ضلع گوادر کے شہر اورماڑہ میں مقامی میونسپل کمیٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے دباؤ پر داڑھی کے  نت نئے ڈیزائن  بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اورماڑہ ضلع گوادر  کے مشرق میں  230 کلو میٹر  کے فاصلے پر  مکران کا ساحلی علاقہ ہے جہاں کی آبادی اورماڑہ کینٹ اور میونسپل کمیٹی پر مشتمل ہے۔ مختلف ڈیزائن کی داڑھی پر پابندی کا  فیصلہ میونسپل کمیٹی کے علاقے میں کیا گیا ہے جہاں زیادہ تر ماہی گیر اور سول شہری آباد ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نیوی کی نیول بیس بھی اسی شہر میں واقع ہے۔

چیرمین میونسپل کمیٹی اورماڑہ قاضی عامر اقبال نے پاک وائسز کو بتایا کہ ماہ رمضان میں شہر میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں کے  تعین کے لیے بدھ 24 مئی  کو  جلاس طلب کیا گیا تھا جس میں میونسپل کمیٹی کے ارکان سمیت دوکانداروں کے ساتھ ساتھ حجام بھی شریک تھے۔ اس اجلاس میں مختلف اشیاء کی نرخ بندی کی گئی ۔

انہوں نے بتایا کہ :”اجلاس میں موجود جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ کے رکن مولوی محمدامین کی اپیل پر حجام کو  داڑھی پر ڈیزائن نہ بنانے کا کہا  گیا۔

جب پاک وائسز نے مولوی محمد امین سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے  کہا کہ میونسپل کمیٹی کے اجلاس میں دیگر اشیاء کے نرخ کے ساتھ داڑھی بنانے کے نرخ کی بھی بات ہوئی تھی۔”ہمیں پتہ چلا کہ(داڑھی کا)اسلامی خط 50 روپے جبکہ دیگر ڈیزائن والے کٹ کیلئے زیادہ پیسے لیئے جاتےہیں۔

اس پر انہوں نے کہا کہ : “ہم نے حجام سے اپیل کی کہ داڑھی کا اسلامی خط  بنائیں تا کہ ڈیزائن والی داڑھی سے سنت رسول کی توہین نہ ہو۔” انہوں نے مزید وضاحت کی:”ہم نے (حجاموں کو )دعوت دی ہے کہ داڑھی کا اسلامی کٹ بنایاجائے۔

اس مسئلہ پر بات کرنے کے لیے پاک وائسز نے شہر کے مشہور حجام  ثقلین حسین سے رابطہ کیا تو انہوں  نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا: “ہم اسلامی خط کے علاوہ اور کوئی خط  یا ڈیزائن نہیں بناسکتے کیونکہ ہمیں میونسپل کمیٹی نے پابند کرتے ہوئے ایسا کرنے سے سختی سے منع کیا ہے۔” اسی شاپ پر کام کرنے والے حجام محمد شہزاد نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب چئرمین میونسپل کمیٹی اورماڑہ قاضی اقبال نے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ۔”البتہ  (حجاموں سے) اپیل و دعوت پر غور و فکر کرنے کے لیے کہا گیا تھا”۔

شہر میں موجود تمام حجام اسلامی خط کے علاوہ دیگر خط  یا ڈیزائن نہیں بنارہے اور تمام گاہکوں کو منع کر کے واپس کررہے ہیں جبکہ ایک حجام کے مطابق کچھ نوجوانوں نے اصرار کر کے فرنچ کٹ بنوایا ہے۔

رائیٹر کے بارے میں: وسیم حسین اورماڑہ سے پاک وائسز کے لیے بطور سٹیزن جرنلسٹ کام کرتے ہیں۔

ایڈیٹنگ: حسن خان

LEAVE A REPLY